کریئر گائیڈنسمینٹل ہیلتھ

اوور تھنکنگ، اینگزائٹی اور موازنہ کلچر موجودہ دور کا سب سے بڑا مسئلہ

آج کل کی جنریشن خاموشی سے کیوں ٹوٹ رہی ہے؟ جانیے موازنہ کلچر، اوور تھنکنگ اور اینگزائٹی کی اصل وجوہات اور ان سے نکلنے کے مؤثر حل۔

J
Written By Momina Moizاکتوبر 21, 2026 • 7 منٹ پڑھنے میں
Overthinking and Anxiety Guide
اوور تھنکنگ اور اینگزائٹی - موجودہ دور کا مسئلہ | تصویر: JobsBlogs

⚡ کلیدی نکات 30 سیکنڈ میں

  • آج سے 15 سال پہلے ٹینشن صرف نوکری، بل یا گھر کی ہوتی تھی، لیکن آج 16 سے 25 سال کا ہر دوسرا نوجوان ڈپریشن اور اینگزائٹی کا شکار ہے۔
  • موازنہ کلچر (Comparison Culture) اور سوشل میڈیا کی ہائی لائٹس نے ہماری جنریشن کو اندر سے کھوکھلا کر دیا ہے۔
  • سوشل میڈیا ڈیٹوکس، اپنا مقابلہ خود سے کرنے اور حقیقی دنیا میں وقت گزارنے سے اس دلدل سے نکلا جا سکتا ہے۔

آج کل کی جنریشن خاموشی سے کیوں ٹوٹ رہی ہے؟ آج سے 15 سال پہلے ٹینشن صرف بڑے لوگوں کو ہوتی تھی، نوکری کی، بل کی، گھر کی۔ لیکن آج 16 سے 25 سال کا ہر دوسرا نوجوان ڈپریشن، اینگزائٹی اور اوور تھنکنگ کا شکار ہے۔ بظاہر اس کے پاس سب کچھ ہے، ہاتھ میں ہزاروں کا موبائل، جیب میں تیز انٹرنیٹ، کمرے میں اے سی، لیکن دل میں سکون نہیں ہے۔ آخر کیوں؟ اس کی سب سے بڑی وجہ ہے موازنہ کلچر (Comparison Culture) جس نے ہماری جنریشن کو اندر سے کھوکھلا کر دیا ہے۔

1. موازنہ کلچر کا زہر کیسے پھیلا؟

پہلے زمانے میں ہمارا مقابلہ صرف اپنے محلے، اپنی کلاس یا اپنے کزنز تک ہوتا تھا۔ ہمیں پتہ ہی نہیں ہوتا تھا کہ دنیا میں اور کیا ہو رہا ہے۔ لیکن اب انسٹاگرام، ٹک ٹاک، یوٹیوب اور فیس بک نے پوری دنیا کو ایک موبائل سکرین پر لا کھڑا کیا ہے۔ ہم صبح آنکھ کھولتے ہی دیکھتے ہیں: ایک 19 سال کا لڑکا مہینے کا 5 لاکھ کما رہا ہے۔ کوئی لڑکی روز دبئی اور ترکی کی سٹوری لگا رہی ہے۔ ہمارا کلاس فیلو نئی گاڑی لے رہا ہے۔ اور اسی لمحے ہمارے ذہن میں ایک زہر گھل جاتا ہے کہ "میں ہی ناکام ہوں، سب آگے نکل گئے ہیں، میں پیچھے رہ گیا ہوں۔"

حقیقت یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر کوئی بھی اپنی اصل زندگی نہیں دکھاتا۔ وہاں ہر کوئی اپنی زندگی کی ہائی لائٹس دکھاتا ہے، اپنی ناکامیاں، اپنے قرضے، اپنی لڑائیاں کوئی نہیں دکھاتا۔ ہم دوسروں کی ہائی لائٹس کا موازنہ اپنی نارمل زندگی سے کر کے خود کو ناکام سمجھ لیتے ہیں۔

2. اوور تھنکنگ کیسے پیدا ہوتی ہے؟

موازنہ سے ہی اوور تھنکنگ جنم لیتی ہے۔ جب ہم ہر وقت دوسروں کو دیکھتے ہیں تو ہمارا دماغ سوالوں کا جال بن لیتا ہے:

  • "اگر میں فیل ہو گیا تو؟"
  • "اگر لوگوں نے میرا مذاق اڑایا تو؟"
  • "میں مستقبل میں کیا کروںگا؟"

ہم ایک چھوٹی سی بات کو سوچ سوچ کر پہاڑ بنا لیتے ہیں۔ کوئی میسج کا جواب دیر سے دے تو ہمیں لگتا ہے وہ ہم سے نفرت کرتا ہے۔ کوئی کام شروع کرنے سے پہلے ہم اتنا سوچتے ہیں کہ کام شروع کرنے کا وقت ہی ختم ہو جاتا ہے۔ اسی کو اوور تھنکنگ کہتے ہیں جو آج کل کی جنریشن کی سب سے بڑی دشمن ہے۔

3. اینگزائٹی اور ڈپریشن میں اضافہ کیوں؟

مسلسل موبائل کا استعمال، رات کو دیر تک جاگنا، نیند کا پورا نہ ہونا، اور ہر وقت دوسروں سے خود کو کمتر سمجھنا، یہ سب مل کر اینگزائٹی کو جنم دیتے ہیں۔ آج کل کی جنریشن کو ہر چیز فوراً چاہئے۔ فوری کامیابی، فوری پیسہ، فوری شہرت۔ جب یہ فوراً نہیں ملتا تو وہ ڈپریشن میں چلے جاتے ہیں۔ ان میں صبر ختم ہو گیا ہے۔ وہ بھول گئے ہیں کہ اصل کامیابی میں 2 سے 3 سال لگتے ہیں۔

4. اس دلدل سے نکلने کا حل کیا ہے؟

اگر آپ بھی اسی کیفیت سے گزر رہے ہیں تو ان 4 باتوں پر عمل کریں، آپ کی زندگی بدل جائے گی:

الف) سوشل میڈیا ڈیٹوکس لازمی کریں:

یہ سب سے اہم حل ہے۔ دن میں کم از کم 3 گھنٹے موبائل کو اپنے سے دور رکھیں۔ خاص طور پر صبح اٹھنے کے پہلے ایک گھنٹے اور رات سونے سے پہلے ایک گھنٹہ انسٹاگرام، ٹک ٹاک بالکل نہ دیکھیں۔ آپ دیکھیں گے آپ کی 50 فیصد ٹینشن ویسے ہی ختم ہو جائے گی۔

ب) اپنا مقابلہ صرف کل والے خود سے کریں:

ایک ڈائری بنائیں۔ روز رات کو لکھیں کہ آج میں نے کل سے کیا بہتر کیا۔ چاہے وہ 1 فیصد ہی کیوں نہ ہو۔ جب آپ اپنا مقابلہ خود سے کریں گے تو آپ کبھی ناکام محسوس نہیں کریں گے۔

ج) حقیقی دنیا میں واپس آئیں:

موبائل کے دوست اصلی دوست نہیں ہوتے۔ ہفتے میں ایک بار اپنے پرانے دوستوں سے ملیں، والدین کے ساتھ بیٹھ کر چائے پیئیں، شام کو واک کریں، نماز کی پابندی کریں۔ تحقیق سے ثابت ہے کہ جو لوگ حقیقی لوگوں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں وہ کبھی اینگزائٹی کا شکار نہیں ہوتے۔

د) ہنر پر توجہ دیں، شور پر نہیں:

سوشل میڈیا کا شور آپ کو کنفیوز کرے گا۔ ایک ہنر پکڑیں، چاہے وہ ویڈیو ایڈیٹنگ ہو، لکھنا ہو، بولنا ہو، یا کوئی کاروبار ہو، اور 6 مہینے تک بس اسی پر لگے رہیں۔ جب آپ کے پاس ہنر آ جائے گا تو موازنہ خود بخود ختم ہو جائے گا۔

: یاد رکھیں، آپ کی زندگی کا مقابلہ کسی اور سے نہیں ہے۔ اللہ نے ہر کسی کا وقت اور نصیب الگ لکھا ہے۔ کسی کی چمکتی ہوئی سٹوری دیکھ کر اپنا سکون برباد نہ کریں۔ آپ اپنی رفتار سے بالکل ٹھیک جا رہے ہیں۔ بس چل رہیں، رکیں نہیں...!!!

ایسی مزید معلوماتی اور گائیڈنس پوسٹس کے لیے وزٹ کرتے رہیں www.jobsblogs.online۔

J

JobsBlogs کے بارے میں

JobsBlogs آپ کو جدید دور کے مسائل، کیریئر گائیڈنس، اور بہترین معلومات فراہم کرتا ہے۔